راولپنڈی (پاک ٹوڈے): بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کے مقررہ دن اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان بڑی تعداد میں جیل کے اطراف جمع ہونا شروع ہوئے۔ اس موقع پر راولپنڈی پولیس نے تحرک کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے والے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے گرفتار کارکنان کو وینز میں منتقل کیا، تاہم ابھی تک ان کے قانونی اندراج یا منتقل کیے جانے والے مقام کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
دوسری جانب پولیس حکام نے کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے اطراف کے علاقے میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے سیاسی اجتماع یا غیر قانونی جمگھٹے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق قدم اٹھایا گیا ہے۔