اورکزئی (پاک ٹوڈے): ضلع اورکزئی میں ۳ ستمبر کو فائرنگ کے تین الگ الگ اور دلخراش واقعات میں دو سالہ بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ضلع پولیس چیف شوکت علی کے مطابق پولیس فورسز نے تمام علاقوں میں پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ اپر اورکزئی کے تھانہ ڈبوری کی حدود میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے حاجی رحمان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، جبکہ دوسرا واقعہ بھی اسی تھانے کی حدود پختانے میں پیش آیا جہاں ارشاد نامی شخص کو نشانہ بنایا گیا۔ تیسرا واقعہ مڈل اورکزئی کے علاقے شیخان میں گھریلو تنازع کے باعث پیش آیا، جس کی زد میں آ کر دو سالہ معصوم بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دو خواتین اور ایک دیگر شخص زخمی ہو گئے۔ پولیس نے لاشیں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاشی شروع کر دی ہے۔