لاہور (پاک ٹوڈے): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے امریکی شہریوں سے مبینہ طور پر 35 ارب روپے کے فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم فہیم اکرم کو گرفتار کر لیا ہے۔ این سی سی آئی اے لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے پریس کانفرنس میں کارروائی اور تحقیقات کی تفصیلات بتائیں۔
عاطف امیر کے مطابق ملزم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک LabelsBank.com کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا، جہاں مبینہ طور پر 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ ہر ٹکٹ کے عوض دو امریکی ڈالر وصول کیے جاتے تھے، جبکہ مجموعی فراڈ کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے امریکی حکام نے ایک لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا تھا۔ تحقیقات میں اس کاروبار کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال ہونے کا انکشاف ہوا، جن میں ملزم کے اپنے اور اس کے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے نے کیس میں ایف آئی آر نمبر 246/2026 درج کر رکھی ہے۔ تحقیقات کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی۔
تحقیقاتی ٹیموں نے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا۔ ملزم کا سراغ لگانے کے لیے دس روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون نے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت، مالی لین دین اور مبینہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی چھان بین کرے گی۔