کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان کی وزارتِ امر بالمعروف، نہی عن المنکر اور شکایات کی سماعت کا کہنا ہے کہ رواں سال 1405 ہجری شمسی کے ماہِ میزان کے دوران کابل اور بعض دیگر صوبوں میں جادوگری کے الزام میں 52 افراد کو گرفتار کرکے عدالتی اداروں کے حوالے کیا گیا۔
وزارت کے مطابق، اسی مدت میں خواتین کے شرعی حقوق سے متعلق 938 مقدمات کی جانچ کی گئی۔ ان میں جبری شادیاں، وراثت، حق مہر، نان نفقہ، بدلے میں خواتین کی شادی اور طلاق سے متعلق معاملات شامل تھے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ملک بھر میں اصلاحی سرگرمیوں اور عوامی آگاہی کے لیے 2 ہزار 458 اجلاس منعقد کیے گئے۔ اس دوران شرعی اصولوں کی خلاف ورزی کے الزام میں درجنوں میڈیا مراکز اور گانوں و ترانوں کی ریکارڈنگ کرنے والے اسٹوڈیوز بھی بند کیے گئے۔
وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس عرصے میں 48 پرانی دشمنیوں اور 252 خاندانی، قبائلی اور علاقائی تنازعات کو حل کیا گیا۔ اس کے علاوہ بازاروں سے 20 ٹن سے زائد غیر معیاری اور زائد المیعاد اشیا جمع کرکے تلف کر دی گئیں۔
