اسحاق ڈار دوشنبے میں ایس سی او سربراہانِ حکومت کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 19 اور 20 اکتوبر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار تاجک وزیراعظم قوہر رسول زادہ کی دعوت پر تاجکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ بھی اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

سربراہانِ حکومت کونسل شنگھائی تعاون تنظیم کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے، جو اقتصادی، مالیاتی، تجارتی، رابطہ کاری اور سماجی و اقتصادی تعاون سمیت تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور پر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ اجلاس کے موقع پر ایس سی او کے رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعلقات اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یکم اکتوبر کو اسحاق ڈار نے ایس سی او سربراہانِ مملکت کونسل کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک فالو اپ اجلاس کی صدارت کی تھی۔ پاکستان 2027 میں اسلام آباد میں اس سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اجلاس میں انتظامات پر پیش رفت اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر ایس سی او اجلاس کو رکن ممالک کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ علاقائی ترجیحات کو آگے بڑھانے کا اہم موقع قرار دیتے ہوئے تیاریوں کو مربوط اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان آئندہ سال ایس سی او سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس کی میزبانی کے ذریعے رکن ممالک کے ساتھ تعاون اور علاقائی روابط کو مزید فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔

Related posts

نیتن یاہو امریکا کو دوبارہ ایران کے ساتھ جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں، عباس عراقچی

یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹ گئی، 6 افراد جاں بحق

پشاور کے کلاخیلو روڈ پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق، لاشیں سڑک پر پھینک دی گئیں