اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے بیان پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں واقعی کرپشن ہو رہی ہے۔
اپنے بیان میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اللہ انہیں غرور اور تکبر سے محفوظ رکھے، انہوں نے سچائی کے ساتھ جواب دیا ہے اور اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کا تعلق کسی صوبے کے معاملے سے نہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر لگوانے سے متعلق بھی انہوں نے کوئی بات نہیں کی کیونکہ وہاں پہلے ہی ڈی سی تعینات تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انسان کے پاس اختیار آنے کے بعد اسے عاجزی اختیار کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کے کرپشن سے متعلق بیان پر انہیں ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔ مریم نواز نے مطالبہ کیا تھا کہ اگر وفاقی وزیر کے پاس الزامات کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔
