کابل (پاک ٹوڈے): افغان حکومت کی وزارت خارجہ نے ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ امریکا ایسے بعض افغان مہاجرین کو پاکستان منتقل کرنا چاہتا ہے جنہیں امریکا میں قانونی رہائش کے دستاویزات حاصل نہیں ہوسکے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ اس کی ذمہ داری ہے اور دنیا کے کسی بھی حصے میں افغان شہریوں کے ساتھ انسانی وقار اور تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے۔
بیان میں تیسرے ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ عارضی مراعات کے حصول کے لیے دوسرے ممالک کے شہریوں کے مستقبل کو سودے بازی کا موضوع نہ بنائیں۔
افغان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ افغان حکومت اپنے شہریوں کی محفوظ، باعزت اور رضاکارانہ واپسی کے لیے ہر قسم کے تعمیری رابطے اور تعاون کے لیے تیار ہے۔
