فلوریڈا (پاک ٹوڈے): امریکی ریاست فلوریڈا میں نجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی، جبکہ امریکی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق حادثہ اتوار کو پام بیچ کاؤنٹی کے علاقے کریسٹ ہیون کے قریب دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔ طیارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ مارالاگو سے تقریباً 7 میل دور گرا۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے سوشل میڈیا پر حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک ہولناک سانحہ قرار دیا۔ ان کے مطابق لیئر جیٹ 60 نے ٹیکساس کے شہر آسٹن سے اڑان بھری تھی اور اس کی منزل بہاماس تھی۔ طیارے میں سوار تمام 9 افراد جان سے گئے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق طیارہ تقریباً 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا کہ پائلٹس نے شدید جھٹکوں، برف جمنے اور بارش کی اطلاع دی اور مزید 2 ہزار فٹ بلندی پر جانے کی اجازت طلب کی۔ کچھ ہی دیر بعد طیارہ تیزی سے نیچے آنے لگا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے مدد کے پیغامات بھی بھیجے، تاہم طیارہ اچانک دائیں جانب مڑنے کے بعد زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔
فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے جائے حادثہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ میزائل کی طرح زمین کی طرف آیا۔ حادثے کے مقام پر سڑک کے کنارے ایک بڑا گڑھا بھی پڑ گیا، جبکہ سامنے آنے والی ویڈیوز میں آگ کے شعلے دکھائی دیے۔
ایف اے اے نے کہا ہے کہ وہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کی تحقیقات میں معاونت کے لیے جائے حادثہ پر ٹیم روانہ کر رہی ہے۔
