پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا حکومت نے سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں، ریاست مخالف پروپیگنڈے اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے گمراہ کن مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے 13 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن میں تمام ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اکاؤنٹس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست کے خلاف تشدد پر اکسانے، دہشت گردی کو فروغ دینے، دہشت گرد پروپیگنڈا پھیلانے اور نقصان دہ غلط معلومات کی تشہیر کرنے والے اکاؤنٹس کی قانونی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جہاں جرم کے ٹھوس شواہد موجود ہوں، وہاں قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کرکے گرفتاریاں کی جائیں گی۔ تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کریں، جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ محمد اقبال خان کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔
