لاہور (پاک ٹوڈے): بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی رہائی اور بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
درخواست علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان نے وکیل رانا مدثر عمر کے توسط سے دائر کی، جس میں محکمہ داخلہ پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے تینوں خواتین کو 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم مقررہ مدت مکمل ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی بازیابی اور رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
