پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جماعت اسلامی کے مرکز کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم اور دیگر رہنماؤں سے ہوئی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان، گورننس اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر نے کہا کہ امن کا قیام صوبے کی ترقی کے لیے بنیادی شرط ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ملاقات میں جنوبی اضلاع کی زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے، پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود، پشاور میں نکاسی آب کے منصوبوں اور بجلی کے خالص منافع و این ایف سی سمیت وفاق سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے ان مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی سے تعاون کی درخواست کی۔
