کراچی (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی 10 روز سے جاری بندش کے بعد ریاض جانے والی پروازوں کے لیے متبادل انتظامات کے تحت آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق سعودی ایئرلائن نے ریاض جانے والی پروازیں جدہ ایئرپورٹ سے آپریٹ کرنا شروع کردی ہیں۔ آج کراچی اور پشاور سے ریاض جانے والی 4 پروازیں جدہ کے ذریعے آپریٹ ہوں گی، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی بیشتر پروازیں پہلے ہی جدہ اور دمام سے چلائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب مختلف ملکی اور بین الاقوامی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی پروازوں پی کے 304 اور پی کے 305 میں 3 گھنٹے، جبکہ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں پی اے 200 اور پی اے 201 میں 4 گھنٹے کی تاخیر ہے۔
کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 783 ساڑھے 6 گھنٹے تاخیر کے بعد سہ پہر 3 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی۔ کابل سے اسلام آباد آنے اور جانے والی 2 پروازیں بھی 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد سے اسکردو جانے اور آنے والی 4 پروازوں میں ساڑھے 4 گھنٹے، جبکہ لاہور سے مسقط جانے اور آنے والی 2 پروازوں میں 4 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔
ریاض ایئرپورٹ کی بندش اور متبادل انتظامات کے باعث مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کی تصدیق کرلیں۔
