پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان میں سال 2026 کا ساتواں پولیو کیس رپورٹ ہوگیا ہے۔ نیا کیس کراچی ایسٹ سے سامنے آیا ہے، جہاں 6 ماہ کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق دسمبر 2024 کے بعد کراچی میں یہ پولیو کا پہلا کیس ہے۔ رواں سال ملک بھر میں اب تک 7 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں 5 خیبرپختونخوا اور 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ سال ملک میں پولیو کے 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق آئندہ انسدادِ پولیو مہم 2 سے 8 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران کراچی سمیت ملک کے 97 اضلاع میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ماہرین نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ بچوں کو اس خطرناک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
