باجوڑ (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایئرپورٹ پر یمنی حوثیوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے باجوڑ کے نوجوان رضوان اللہ کو آبائی علاقے میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردِ خاک کر دیا گیا۔
رضوان اللہ کی نمازِ جنازہ ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے علیمانوکلے کے کرکٹ گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
رضوان اللہ کا جسدِ خاکی آبائی علاقے پہنچنے پر فضا سوگوار ہوگئی۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ غم سے نڈھال نظر آئے۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد رضوان اللہ کو آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
