اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان سے روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے شہریوں کی تعداد 18 لاکھ 71 ہزار 666 تک پہنچ گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں 2024 سے 2026 کے دوران بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کے اعداد و شمار پیش کر دیے گئے۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین نے قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ عرصے کے دوران 18 لاکھ 71 ہزار 666 پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک گئے، جن میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد بھی شامل ہیں۔
پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک جانے والوں میں 90 ہزار 406 اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی شامل ہیں۔ ان میں 38 ہزار 426 منیجرز، 17 ہزار 565 انجینئرز، 10 ہزار 855 اکاؤنٹنٹس، 9 ہزار 513 ڈاکٹرز، 4 ہزار 911 اساتذہ اور 4 ہزار 295 نرسیں شامل ہیں۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان سے مختلف شعبوں کے ماہرین بھی روزگار کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں۔ بہتر تنخواہوں اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع کی تلاش میں شہریوں کی بیرون ملک منتقلی کے باعث ملک میں تعلیم یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت کی دستیابی سے متعلق سوالات بھی اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہنرمند اور قابل افراد کو ملک میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے، تنخواہوں میں بہتری لانے اور پیشہ ورانہ ترقی کے امکانات بڑھانے کی ضرورت ہے، تاکہ ملکی افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
