پشاور (پاک ٹوڈے): ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ سی سی پی او پشاور خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق باڑہ بازار اور ملحقہ علاقوں میں پولیس کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ سی سی پی او پشاور موقع پر موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں اور سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس سے تعاون کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔
