صوابی (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 51 سے رکن صوبائی اسمبلی عبدالکریم تورڈھیر کے حجرے پر رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر دھاوا بول دیا، جہاں سے ان کے بھائی عبدالناصر اور 3 گن مینوں کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد رات تقریباً ڈیڑھ بجے 3 گاڑیوں میں سوار ہوکر حجرے پہنچے۔ مسلح افراد نے مبینہ طور پر حجرے کا دروازہ کھلوانے کی کوشش کی، مزاحمت پر فائرنگ کی اور دروازے کو نقصان پہنچایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے حجرے میں موجود سکیورٹی گارڈز کو قابو کیا اور مبینہ طور پر ان پر تشدد بھی کیا، جس کے بعد عبدالناصر اور 3 گن مینوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کے دوران حجرے میں نصب سکیورٹی کیمروں کو نقصان پہنچانے اور ان کی ریکارڈنگ چیک کرنے کی اطلاعات بھی ہیں، جبکہ حملہ آوروں نے ایک ذاتی گاڑی پر فائرنگ کرکے اسے بھی نقصان پہنچایا۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے مبینہ مغویوں اور واقعے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے، تاہم عبدالناصر اور 3 گن مینوں کے مبینہ اغوا کی حتمی تصدیق تاحال پولیس کی جانب سے سامنے نہیں آئی۔
