اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آج صبح افغانستان کی جانب سے 8 ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جنہیں پاک فوج اور پاک فضائیہ کے فعال ایئر ڈیفنس سسٹم نے نشانہ بنا کر گرا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز تورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ 4 کوہاٹ سے متصل پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔
گزشتہ رات کرم سیکٹر میں افغان فورسز کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں سے فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فورسز کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے ان ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔
تاہم آٹھ ڈرونز گرائے جانے کے دعوے پر افغان حکومت کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری ردعمل یا تردید سامنے نہیں آئی۔ دونوں جانب سے سامنے آنے والے دعووں کی آزادانہ تصدیق بھی تاحال نہیں ہوسکی۔
