لندن (پاک ٹوڈے): بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ، برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ 52 برس کی عمر میں آئرش نژاد آسٹریلوی سرمایہ کار اور بزنس مین کیمرون او ریلی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔
برطانوی اخبار ‘ڈیلی میل’ کے مطابق، ایوارڈ یافتہ فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ اور 62 سالہ کیمرون او ریلی کی شادی کی تقریب گزشتہ ہفتے کے آخر میں منعقد ہوئی۔ جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے دونوں کی شادی کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔
اس سے قبل مئی میں برطانوی میڈیا کی جانب سے رپورٹ کیا گیا تھا کہ تقریباً ایک سال کی دوستی کے بعد دونوں نے منگنی کر لی ہے۔
کیمرون او ریلی آئرش نژاد آسٹریلوی بزنس مین ہیں، جو بین الاقوامی رگبی اسٹار اور آنجہانی میڈیا ٹائیکون سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل کیمرون نے اپنے کیریئر کا آغاز والد کے میڈیا گروپ ‘انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا’ اور آسٹریلوی اشاعتی ادارے سے کیا۔
سن 2000 میں میڈیا گروپ کی قیادت سے سبکدوش ہونے کے بعد انہوں نے پرائیویٹ ایکویٹی اور نجی سرمایہ کاری کے شعبے کا رخ کیا۔ 2003 میں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے فنڈ ‘بیارڈ کیپیٹل’ کا آغاز کیا اور سوئٹزرلینڈ کی معروف میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر کو خریدا، جسے بعد میں توشیبا کمپنی نے 2.3 ارب ڈالرز میں حاصل کیا۔
رپورٹس کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات ایک فلمی منصوبے کے دوران ہوئی جہاں کیمرون بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر کام کر رہے تھے۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی پیشہ ورانہ دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہو گئی۔
واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 1995 میں پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان اور بعد میں وزیراعظم بننے والے عمران خان سے شادی کی تھی۔ 9 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2004 میں ان دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی تھی۔ ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔ طلاق کے بعد بھی جمائما اپنے بچوں کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم رہیں اور بین الاقوامی سطح پر مختلف سماجی و فلمی منصوبوں میں متحرک ہیں۔
