جنوبی وزیرستان لوئر (پاک ٹوڈے): ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں ممکنہ بارود سے بھری خودکش گاڑی کے خطرے کے پیشِ نظر وانا اور اعظم ورسک میں دفعہ 144 کے تحت مخصوص گاڑیوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مسرت زمان کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ پابندی 7 ستمبر رات 9 بجے سے 13 ستمبر رات 9 بجے تک نافذ رہے گی۔ اس حکم نامے کے تحت لوڈر رکشہ، سنگل کیبن کارگو، شازور، سوزوکی لوڈر، مزدا اور ڈمپر گاڑیوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ عرصے کے دوران ان گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا گاڑی کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے شہریوں کا انتظامیہ کے ساتھ تعاون انتہائی ناگزیر ہے۔
دوسری جانب مقامی تاجر برادری، دہاڑی دار طبقے اور عام شہریوں نے اس فیصلے پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجارتی اور لوجسٹک گاڑیوں پر اچانک پابندی سے روزمرہ کی معاشی سرگرمیاں معطل ہو جائیں گی، جس کے باعث سبزی، پھل اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش کی رسد شدید متاثر ہو رہی ہے۔ مقامي کاروباری تنظیموں کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ سے قبل متبادل انتظامات یا مناسب وقت نہیں دیا گیا، جس سے غریب ڈرائیوروں اور دہاڑی دار مزدوروں کا چولہا ٹھنڈا ہونے کا اندیشہ ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کے لیے شہریوں کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کے بجائے چیک پوسٹوں اور سیکیورٹی گشت میں اضافہ کرے تاکہ امن و امان کے ساتھ ساتھ عوام کا روزگار بھی محفوظ رہے۔
