پشاور (پاک ٹوڈے): کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے صوبائی دارالحکومت میں قائم غیر قانونی ڈبہ پٹرول پمپس مستقل طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
کمشنر پشاور نے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں ہدایت کی کہ شہر بھر میں قائم تمام غیر قانونی ڈبہ پٹرول پمپس ایک ہفتے کے اندر بند کیے جائیں اور کارروائی مکمل کرنے کے بعد رپورٹ پیش کی جائے۔
کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق غیر قانونی ڈبہ پٹرول پمپس کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں اور ان سے انسانی جانوں اور املاک کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ گزشتہ دنوں ڈبہ پٹرول پمپ میں آتشزدگی کے واقعے نے ان خطرات کی سنگینی کو مزید واضح کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
