بنوں (پاک ٹوڈے): خلیفہ گلنواز ہسپتال کے گائنی وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر ریسکیو ٹیم نے فوری اور تیز رسپانس دیتے ہوئے پانچ منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو 1122 کے ماہر فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید فائر فائٹنگ تکنیکوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تقریباً 10 منٹ کے اندر آگ پر مکمل قابو پا لیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وارڈ میں موجود تمام مریضوں کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہسپتال انتظامیہ نے بروقت کارروائی اور فوری رسپانس پر ریسکیو 1122 بنوں کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
گزشتہ ماہ اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کے مادر و طفل ہیلتھ وارڈ کی نرسری میں ایئر کنڈیشنر یونٹ میں شارٹ سرکٹ سے شدید آگ بھڑک اٹھی تھی۔ اس المناک واقعے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ ایک بچے کو بچا لیا گیا۔ آگ کے تیزی سے پھیلنے، ایمرجنسی ایگزٹس کے لاک ہونے اور ریسکیو کارروائی میں تاخیر کے الزامات کے بعد قومی سطح پر ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات پر شدید تنقید ہوئی تھی۔
