باڑہ (پاک ٹوڈے): ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے اکاخیل میں گزشتہ روز نامعلوم سمت سے داغا گیا ایک مارٹر گولہ ایک رہائشی مکان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اکاخیل کے شیرخیل اڈے کے قریب پیش آیا، جہاں اپر باڑہ سے تعلق رکھنے والے میر صاحب جان ولد علی ماجان (قوم اکاخیل) کے گھر پر اچانک مارٹر شیل گرا۔ دھماکے سے گھر کو نقصان پہنچا جبکہ میر صاحب جان شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے زخمی کو تشویشناک حالت میں ابتدائی طبی امداد کے لیے پشاور کے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں، مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شیلنگ کس سمت سے کی گئی اس کا تاحال حتمی اندازہ نہیں ہو سکا ہے۔ واضح رہے کہ باڑہ اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان وقفے وقفے سے ہونے والے فائرنگ کے تبادلے اور پرتشدد واقعات کے باعث مقامی عام شہری بھی زد میں آتے رہے ہیں۔ مقامی پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ واقعے کے محرکات اور گولہ داغنے والی سمت کا تعین کیا جا سکے۔
