واشنگٹن (پاک ٹوڈے): خطے میں جاری کشیدگی اور دفاعی ضروریات کے پیشِ نظر امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو ۵ ارب ڈالر مالیت کا جدید ترین عسکری سامان اور ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، اس دفاعی پیکیج کے تحت سعودی عرب کو ۵ ارب ڈالر کے ‘جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز-ایکسٹینڈڈ رینج’ بم فراہم کیے جائیں گے، جس کی تیاری کا بنیادی ٹھیکہ طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کی بری فوج کے جنگی ٹینکوں کے لیے ۷۵۰ ملین ڈالر مالیت کے AGT-1500 انجنوں کی علیحدہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے، جس کی فراہمی ہنی ویل (Honeywell) کمپنی کے ذمے ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس سودے سے سعودی عرب کو درپیش موجودہ اور مستقبل کے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے، اس کی آپریشنل تیاری کو بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
علاوہ ازیں، واشنگٹن نے خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی عسکری معاہدوں کا اعلان کیا ہے۔ جن میں سلطنتِ عمان کو F-16 جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور فنی معاونت کی مد میں ۱۸۸ ملین ڈالر، جبکہ عراق کو ۱۵۰ ملین ڈالر کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹرز کی فروخت کی منظوری شامل ہے۔
