زیارت/کوئٹہ ( پاک ٹوڈے): زیارت کراس کے مقام پر ایف سی کیمپ، گھڑکی پولیس اسٹیشن اور کسٹمز کی عمارت کو نشانہ بنانے والے مسلح حملے کے دوران کیپٹن ضیاء اللہ سمیت 5 سیکیورٹی اہلکار مارے گئے جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس کے دوران 134 ونگ سے وابستہ کیپٹن ضیاء اللہ سمیت 5 اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔
حملے میں مارے جانے والے اہلکاروں میں کیپٹن ضیاء اللہ، حولدار سمیع اللہ، لانس نائیک نوروز، لانس نائیک شکیل اور سپاہی سجاول شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں میں سپاہی عاشق اور سپاہی غلام رسول کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، جبکہ حولدار جہانگیر، لانس نائیک سردار، لانس نائیک شبیر، سپاہی انوار اور سپاہی حکمت بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد زیارت کراس اور اطراف میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب بعض غیر مصدقہ اطلاعات میں حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8 تک پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم ان اطلاعات کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔
واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور ہلاکتوں و زخمیوں کی تعداد کی حتمی تصدیق متعلقہ حکام کی جانب سے کیے جانے کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔
