لاہور (پاک ٹو ڈے): منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام مینارِ پاکستان کے سبزہ زار میں منعقدہ 43ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا اصل مقصد محض اجتماعات اور جلوسوں تک محدود نہیں، بلکہ آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حبِ رسول ﷺ کا سچا تقاضا اتباعِ سنت، اطاعت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے خطاب میں اسلوبِ دعوت اور اخلاقی اصلاح پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دین کی دعوت کا مقصد کسی کو زبردست کرنا نہیں بلکہ دلوں کو فتح کرنا ہے۔ ایک مومن کی بنیادی پہچان یہ ہے کہ وہ انسانیت کے لیے آسانی کا باعث بنے، نہ کہ دوسروں کے لیے مشکلات پیدا کرے۔ انہوں نے تمام مسلمانوں بالخصوص علماء اور داعیانِ دین پر زور دیا کہ وہ دعوت و اصلاح میں نرمی، حکمت اور حسنِ اخلاق کو اپنا شعار بنائیں۔
کانفرنس میں جامعہ الازہر (مصر) کے جید علماء بشمول ورلڈ ایسوسی ایشن فار الازہر گریجویٹس کے نائب صدر ڈاکٹر وائل محمود السید بخیت اور اسلامک ریسرچ اکیڈمی الازہر کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالدائم الجندی نے بھی خصوصی شرکت کی۔
چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی کانفرنس میں آمد پر شائقین و عاشقانِ رسول ﷺ نے پرجوش استقبال کیا۔ مینارِ پاکستان پر انعقاد پذیر اس تاریخی کانفرنس میں ملک بھر سے مرد و خواتین، علماء و مشائخ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
