لاہور (پاک ٹوڈے): نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک کامیاب ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں عوامی ریلیف کے لیے سیاسی اور جمہوری جدوجہد نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوامی ریلیف کی جدوجہد کے بعد اب قومی ترجیحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، جو پوری قوم کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔
انہوں نے ملک میں زراعت کی گرتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ زراعت زوال پذیر ہے اور کسان و ہاری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ حکومت کی زراعت اور کسان دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ گنے، گندم اور چاول کے کاشتکاروں کو معاشی استحصال کا سامنا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ زرعی شعبے کے مسائل کے حل اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے قومی زراعت کانفرنس بلائے۔
