پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کھلاڑی مسعود آفریدی نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ جی ٹی ایف ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک گولڈ اور ایک برونز میڈل جیت لیا۔
29 ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل اس بین الاقوامی مقابلے میں مسعود آفریدی نے پاور بریکنگ کے ایونٹ میں گولڈ میڈل جبکہ فائٹنگ کے مقابلے میں برونز میڈل حاصل کیا۔ ایک ہی چیمپئن شپ میں دو مختلف مقابلوں میں کامیابی ان کی مہارت، مسلسل محنت اور تربیت کا نتیجہ ہے۔
خیبر سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق اور صلاحیت موجود ہے، تاہم انہیں معیاری تربیتی سہولیات، جدید کھیلوں کے سازوسامان، مستقل کوچنگ اور مالی معاونت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے اخراجات بھی باصلاحیت کھلاڑیوں کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
مسعود آفریدی کی چیمپئن شپ میں شرکت اور تیاریوں کے لیے پلاٹینیم مارکیٹنگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ساجد آفریدی نے اسپانسرشپ فراہم کی۔ اس معاونت کے باعث انہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا۔
کھیلوں کے حلقوں کے مطابق نجی اداروں اور کاروباری شخصیات کی جانب سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع مل سکتے ہیں اور ملک میں کھیلوں کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کو فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کی معاونت حاصل تھی، جس کے بعد ٹیم نے عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
مسعود آفریدی کی یہ کامیابی خیبر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے اور اس امر کو اجاگر کرتی ہے کہ مناسب تربیت، مالی معاونت اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں تو علاقائی سطح کے باصلاحیت کھلاڑی بھی پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کر سکتے ہیں۔
