ریاض حسین | پاک ٹوڈے
پشاور (پاک ٹوڈے) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں دریائی ریت اور بجری سے سونا نکالنے (پلیسر گولڈ مائننگ) کے عمل کو قانونی اور انتظامی ضابطوں کے تحت لانے، غیر قانونی کان کنی اور اسمگلنگ کی روک تھام، معدنی وسائل کے تحفظ اور قومی خزانے کو ہونے والے نقصان سے بچانے کے لیے اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔
یہ اقدام صوبے میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی سونے کی کان کنی سے متعلق مسلسل سامنے آنے والی شکایات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ معدنیات کے شعبے پر گہری نظر رکھنے والے سینئر صحافی تیمور خان کا کہنا ہے کہ اگر اس مقصد کے لیے مناسب افرادی قوت، وسائل اور اختیارات سے لیس خصوصی انفورسمنٹ فورس قائم کی جائے تو غیر قانونی سرگرمیوں میں تقریباً 90 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس چیف سیکریٹری کی نگرانی میں کام کرے گی، جبکہ سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور اس کے چیئرمین ہوں گے۔ ٹاسک فورس میں پراونشل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر، محکمہ معدنیات، محکمہ قانون، محکمہ ماحولیات، فرنٹیئر کور نارتھ، کوہاٹ ٹاسک فورس اور دیگر حساس اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
متعلقہ اداروں کے نمائندوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں دستیاب معلومات، تکنیکی معاونت اور سفارشات ٹاسک فورس کو فراہم کریں۔
ٹاسک فورس کو پلیسر گولڈ مائننگ سے متعلق موجودہ قوانین اور انتظامی طریقہ کار کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے علیحدہ صوبائی قانون کا مسودہ تیار کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
مجوزہ قانون کے تحت سونے کی کان کنی کے تمام مراحل، بشمول سونا نکالنے، پیداوار، نقل و حمل، ذخیرہ کرنے، خرید و فروخت اور کاروباری سرگرمیوں کو قانونی ضابطوں کے تحت لایا جائے گا۔
ٹاسک فورس غیر قانونی کان کنی کی روک تھام، قانونی طور پر مختص کردہ کان کنی کے علاقوں کے تحفظ اور حکومتی نگرانی کا نظام مؤثر بنانے کے لیے بھی حکمت عملی تیار کرے گی۔ اس سلسلے میں سونے کی کان کنی سے وابستہ افراد، ٹھیکیداروں، مزدوروں، مشینری اور گاڑیوں کی رجسٹریشن اور تصدیق کا نظام متعارف کرانے سے متعلق سفارشات بھی پیش کی جائیں گی۔
اسی طرح سونے کی پیداوار اور کان کنی کے مقامات سے مارکیٹ تک اس کی نقل و حرکت کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کی تجویز بھی دی جائے گی، جس کے ذریعے نکالے گئے، منتقل کیے گئے، ذخیرہ شدہ اور فروخت ہونے والے سونے کی مقدار کی تصدیق ممکن ہو سکے گی۔
ٹاسک فورس سونے کی نقل و حمل، ذخیرہ اندوزی اور تجارتی لین دین کے لیے شفاف طریقہ کار وضع کرنے کے علاوہ کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن کا مکمل حساب رکھنے کے نظام کی سفارش بھی کرے گی۔ اسے اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور سرکاری محصولات کی غیر قانونی منتقلی روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے سینئر صحافی تیمور خان نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے خصوصی انفورسمنٹ فورس کا قیام صورتحال میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے مناسب افرادی قوت، وسائل اور سیاسی حمایت ضروری ہوگی۔
ان کے مطابق سونے کے ذخائر پر مشتمل تقریباً 188 مربع کلومیٹر رقبے کو چار بلاکس، اے، بی، سی اور ڈی میں تقسیم کرکے 2024 میں مختلف کمپنیوں کو ٹھیکے دیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود غیر قانونی کان کنی بڑے پیمانے پر جاری رہی، خصوصاً بلاکس سی اور ڈی میں ایسی سرگرمیاں زیادہ رپورٹ ہوئیں۔
تیمور خان نے اپنی سابقہ رپورٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ان دونوں بلاکس میں تقریباً 2 ہزار 600 گاڑیاں غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہیں۔ ان کے بقول کان کنی کی لیز حاصل کرنے والی کمپنیوں نے اپنے مختص کردہ علاقوں میں غیر قانونی طور پر سونا نکالنے کے خلاف متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ شکایات بھی کیں، لیکن مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث صورتحال میں خاطر خواہ تبدیلی نہیں آ سکی۔
انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی کان کنی کے حوالے سے مبینہ طور پر 2 ہزار سے زائد ایف آئی آرز بھی درج کی جا چکی ہیں، تاہم محکمہ معدنیات کے پاس اپنی انفورسمنٹ فورس موجود نہیں، جس کے باعث اس کا کردار زیادہ تر مقدمات درج کرانے اور شکایات متعلقہ اداروں کو بھجوانے تک محدود رہا ہے۔
تیمور خان کے مطابق غیر قانونی سونے کی کان کنی کے کاروبار سے اربوں روپے کی آمدن حاصل کی جا رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت ٹیکسوں اور رائلٹی کی مد میں بھاری محصولات سے محروم ہو رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض بااثر شخصیات کے مفادات بھی اس غیر قانونی کاروبار سے وابستہ ہیں، جس کی وجہ سے قانون پر عمل درآمد کی کوششوں میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
انہوں نے سفارش کی کہ مجوزہ انفورسمنٹ فورس کو کان کنی کے پورے علاقے کی نگرانی کے لیے مناسب نفری اور لاجسٹک سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کے بقول مختلف مقامات پر چیک پوسٹوں کا قیام، سونا صاف کرنے اور پراسیسنگ کرنے والی تنصیبات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور نکالے جانے والے سونے کی مقدار اور اس کی نقل و حرکت کا شفاف ریکارڈ مرتب کرنا بھی ضروری ہے۔
تیمور خان نے اعتراف کیا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کی بڑی تعداد اور مختلف مفادات کے باعث اس سرگرمی کا مکمل خاتمہ آسان نہیں ہوگا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مؤثر نگرانی اور کارروائی کے ذریعے اس میں تقریباً 90 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے قائم کردہ ٹاسک فورس کا بنیادی مقصد سونے کی کان کنی کے شعبے کو ایک منظم اور قانونی نظام کے تحت لانا، معدنی وسائل کا تحفظ یقینی بنانا اور اس شعبے سے حاصل ہونے والی آمدن کا مکمل ریکارڈ مرتب کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرانا ہے۔
