واشنگٹن (پاک ٹوڈے): دنیا کے امیر ترین شخص اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے امریکا کے بچوں کو اپنی کمپنی کے حصص تحفے میں دینے کا اعلان کردیا، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا کے ہر بچے کو اسپیس ایکس کے دو شیئرز دیے جائیں گے، جن میں سے ایک شیئر کمپنی کی جانب سے جبکہ دوسرا وہ اپنی ذاتی ملکیت سے فراہم کریں گے۔
ان کے مطابق اسپیس ایکس کی جانب سے دیے جانے والے شیئرز اگلے ماہ بچوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کردیے جائیں گے، جبکہ ان کی ذاتی جانب سے فراہم کردہ حصص اگلے سال جون میں منتقل ہوں گے۔ ذاتی حصص کی منتقلی ان پر عائد فروخت کی پابندی ختم ہونے کے بعد ممکن ہوگی۔
یہ اعلان اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی امریکی منظوری ملنے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا۔
اس سے قبل اسپیس ایکس نے اعلان کیا تھا کہ ہر فعال ’ٹرمپ اکاؤنٹ‘ میں کمپنی کے کلاس اے کامن اسٹاک کا ایک شیئر شامل کیا جائے گا، جبکہ ایلون مسک بھی اپنی ذاتی ملکیت سے ایک شیئر عطیہ کریں گے۔
ٹرمپ اکاؤنٹ امریکی حکومت کا ایک پروگرام ہے، جس کے تحت 18 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور مالی شراکت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اکتوبر تک اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 کروڑ اکاؤنٹس کھولے جاچکے تھے۔
بدھ کے روز اسپیس ایکس کے ایک شیئر کی قیمت 127.44 ڈالر پر بند ہوئی تھی۔ اس حساب سے بچوں کو فراہم کیے جانے والے حصص کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ارب ڈالر بنتی ہے۔
ایلون مسک اسپیس ایکس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی اپنی سرگرمیاں بڑھانے کے خواہاں ہیں، تاہم خلا میں ڈیٹا سینٹرز اور کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کے قیام کے ماحولیاتی اثرات اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے معاشی و سیاسی اثر و رسوخ پر خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
