اسلام الدین ساجد | پاک ٹوڈے
اسلام اباد (پاک ٹوڈے) ۔ پاکستان کی اہم مذہبی و سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دعوی کیا ہے کہ ان کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور میں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جس کے بعد ملک میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ جے یو آئی نے جمعے کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف اس کی تحریک جاری رہے گی۔
جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کو جمعرات کی رات لاہور پولیس نے تحویل میں لیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ انہیں 11 گھنٹے سے زائد وقت تک لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں روکے رکھا گیا، جہاں سے وہ سرگودھا میں ایک عوامی جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہونا چاہتے تھے۔
تاہم پنجاب پولیس کے ڈی ائی جی فیصل کامران نے گرفتاری کے تردید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا گرفتار نہیں ہے اور ان کو لاہور میں اپنے ہی گھر میں منتقل کردیا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے پولیس کی تحویل میں جانے سے قبل کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس کے سربراہ ان کے پاس آئے اور انہیں بتایا کہ وہ انہیں گرفتار کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ پولیس کی تحویل میں ہیں اور پولیس انہیں جہاں لے جانا چاہے، وہ جانے کے لیے تیار ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ان کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ وہ گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو اشتعال میں نہ آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرفتاریوں کے لیے تیار ہیں اور اپنے مطالبات تسلیم کرائے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں عوام کے آزادی اور جمہوری حقوق سلب کیے جا رہے ہیں اور ایسے اقدامات انہیں خاموش نہیں کرا سکتے۔ ان کے خطاب کے دوران کارکنوں نے گرفتاریوں کے خلاف نعرے لگائے اور اجتماعی طور پر گرفتاری دینے کا اعلان کیا۔
جے یو آئی: ملک کو خونریزی سے بچانے کے لیے گرفتاری دی
جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری کا فیصلہ کیا۔
ان کے مطابق لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مولانا کا راستہ روکا جبکہ لاہور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس نے انہیں واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔ بعد ازاں لاہور کے چیف کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) ان کے پاس آئے اور انہیں اپنی تحویل میں لینے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
جے یو آئی کا کہنا ہے کہ پارٹی کارکنوں نے ملک بھر میں تقریباً 10 گھنٹے تک اہم شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دیے، جس کے باعث مختلف قومی اور صوبائی شاہراہیں بند رہیں۔ پارٹی ترجمان کے مطابق احتجاج میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر تصادم کا خدشہ پیدا ہو رہا تھا، اس لیے مولانا نے عوام کو مزید مشکلات سے بچانے کے لیے پولیس کی تحویل میں جانے کو ترجیح دی۔
پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کی نماز کے بعد ملک کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ تحریک جاری رہے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارٹی قیادت باہمی مشاورت سے کرے گی۔
جے یو آئی کے مطابق مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور وہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے اور پارٹی کے سابقہ فیصلوں کے مطابق تحریک کی نگرانی کریں گے۔
پنجاب حکومت کا مؤقف: گرفتاری نہیں ہوئی
دوسری جانب پنجاب حکومت کے ایک سرکاری ذریعے نے پاک ٹوڈے کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو کل رات حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے لیے ان کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اور انہیں جلد اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔
جے یو آئی اور پنجاب حکومت کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھی جب مولانا فضل الرحمٰن لاہور سے سرگودھا روانہ ہونا چاہتے تھے، جہاں ان کی جماعت نے ایک بڑے جلسے کا اعلان کر رکھا تھا۔ تاہم پنجاب حکومت نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی اور سرگودھا جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔
جے یو آئی نے الزام لگایا ہے کہ پنجاب میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری بھی شامل ہیں
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی بھی مقام پر جلسے جلوس کی اجازت نہیں ہے۔
ن لیگ اور جے یو آئی کے تعلقات میں تناؤ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال میں یہ کشیدگی اس لیے بھی اہم ہے کہ جمعیت علمائے اسلام اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) ماضی میں اہم سیاسی اتحادی رہ چکی ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے عمران خان کی حکومت کے خلاف سیاسی تحریک میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت کے خاتمے اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے عمل میں بھی مولانا نے اہم کردار ادا کیا تھا ۔
اس وقت پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور مریم نواز وزیراعلیٰ ہیں، جبکہ وفاق میں شہباز شریف وزیراعظم ہیں۔
تاہم حالیہ مہینوں میں مولانا فضل الرحمٰن اور حکمران اتحاد کے درمیان اختلافات بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ جے یو آئی کے سربراہ نے اپنے حالیہ بیانات میں ریاستی طاقت کے استعمال، سیاسی آزادیوں اور جمہوری حقوق کے حوالے سے سخت تنقید کی ہے۔
حکومتی حلقوں سے سامنے آنے والے بعض بیانات میں اس کشیدگی کو مسلم لیگ (ن) کے بجائے مقتدر حلقوں کے ساتھ مولانا کے اختلافات سے بھی جوڑا جا رہا ہے، اور ان کا موقف ہے کہ مسلم لیگ ن کے قیادت مولانا کا احترام کرتے ہیں۔
سیاسی اثرات اور آئندہ کا لائحہ عمل
سیاسی مبصرین کے مطابق جے یو آئی کی ملک بھر میں تنظیمی موجودگی اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی صلاحیت اس احتجاج کو اہم بنا سکتی ہے۔ جمعرات کو پارٹی کی جانب سے شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنوں کے اعلانات کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
اگر جمعے کے روز احتجاج کا دائرہ وسیع ہوتا ہے تو اس سے قومی شاہراہوں، تجارتی سرگرمیوں اور شہری آمدورفت پر مزید اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اب سیاسی حلقوں کی توجہ اس بات پر ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن احتجاجی تحریک کو کس حد تک آگے بڑھاتے ہیں، آیا وہ ملک گیر دھرنوں تک محدود رہتے ہیں یا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان بھی کرتے ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا یہ بھی خیال ہے کہ اگر حکومت نے جے یو ائی کے خلاف تحریک انصاف کے طرح طاقت کا استعمال کرکے ان کو احتجاج سے روکنے کی کوشش کی تو اس سے ملک میں پہلے سے موجود سیاسی عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
