پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیو کے نئے کیس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد صوبے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 8 ہوگئی، جبکہ ملک بھر میں متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کی یونین کونسل شناوہ گوڈی خیل میں 14 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں سال کرک سے سامنے آنے والا یہ پہلا کیس ہے۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کے سب سے زیادہ کیسز بنوں اور خیبر میں رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں تین، تین بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس کے علاوہ شمالی وزیرستان اور کرک سے ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔
ملک بھر میں 2026 کے دوران اب تک پولیو کے 10 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ان میں 8 خیبرپختونخوا جبکہ 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔
کرک میں نئے کیس کی تصدیق کے بعد ایک بار پھر بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن مہم اور وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی اہمیت اجاگر ہوگئی ہے۔
