پکتیا (پاک ٹوڈے): افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان مختلف شعبوں میں خودکفالت کی جانب نمایاں پیش رفت کرچکا ہے اور اس وقت 300 شعبوں میں خودکفالت حاصل کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واخان راہداری کو چین کی سرحد تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ بڑے اقتصادی منصوبوں کی تکمیل سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
پکتیا میں واخان کے حوالے سے منعقدہ روایتی مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ واخان تاریخی طور پر ایک اہم تجارتی راستہ رہا ہے، تاہم بعض مسائل کے باعث طویل عرصے تک بند رہا۔ ان کے مطابق افغان حکومت اس راستے کو ترقی دے کر افغانستان کے اقتصادی اور تجارتی روابط مضبوط بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے پکتیا میں واخان کے معاملے پر آواز اٹھانے کو افغان عوام کے اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان ایک ناقابلِ تقسیم ملک ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے ملک کی اقتصادی صورتحال پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ افغان حکومت کے دور میں مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق اس وقت ایک لاکھ نہیں بلکہ 10 لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین کام کررہے ہیں، جبکہ سابق حکومت کے 8 لاکھ ملازمین میں سے تقریباً ایک لاکھ فرضی ملازمین تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف ہرات میں 1500 کارخانوں نے کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ 1404 شمسی سال کے دوران افغانستان کی برآمدات میں 7 فیصد اضافہ ہوا اور اب ملک کا پورا بجٹ ملکی آمدن سے پورا کیا جارہا ہے، جبکہ ماضی میں بجٹ کا 70 فیصد بیرونی ذرائع سے حاصل کیا جاتا تھا۔
ترجمان کے مطابق غریبوں، بھکاریوں، نشے کے عادی افراد، بیواؤں اور یتیموں کی مدد کے لیے ساڑھے 12 ارب افغانی کی نقد امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پاکستان کے ساتھ تجارتی راستوں کی بندش کا ذکر کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد راستے بند ہوئے تقریباً ایک سال گزر چکا ہے، تاہم افغان حکومت نے متبادل تجارتی راستے تلاش کیے ہیں اور مقامی منڈیوں میں اشیا کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست کے معاملے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کو عالمی ادارے میں نمائندگی کا حق نہیں دیا جارہا، جس کے باعث وہ اپنا مؤقف پیش کرنے اور اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا جواب دینے سے محروم ہیں۔
تعلیم کے حوالے سے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اسکولوں، جامعات اور مدارس میں تعلیمی معیار بہتر ہوا ہے اور 10 لاکھ سے زیادہ افراد دینی اور عصری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی شعبے میں موجود مسائل حل ہونے کی امید بھی ظاہر کی۔
افغان حکومت کے ترجمان نے سیکیورٹی صورتحال کو عوامی تعاون کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے ممکنہ خطرات کی روک تھام کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران عدالتوں کے تمام فیصلے شریعت کی بنیاد پر کیے گئے ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے تاپی گیس پائپ لائن، قوش تپہ نہر، واخان راہداری اور معدنیات کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل افغانستان کی اقتصادی خودکفالت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
