پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے دوبارہ ارباب نیاز اسٹیڈیم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے محکمہ کھیل کو ضروری کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارباب نیاز صوبے کی اہم شخصیت تھے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی خدمات ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کو کسی سیاسی جماعت کی شخصیت کے نام سے منسوب نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان اسٹیڈیم رکھا گیا تھا۔ اب صوبائی حکومت نے اس کا نام دوبارہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
