احمد پور شرقیہ (پاک ٹوڈے): خیرپور ڈاہا کے قریب ایکسپریس وے پر خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد افراد بھاری پتھروں تلے دب گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پتھروں سے بھرا ٹرک سڑک کنارے کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرا کر الٹ گیا، جس کے باعث لوڈر ڈالے پر سوار متعدد افراد بھاری پتھروں کے نیچے دب گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لوڈر ڈالے پر 15 افراد سوار تھے، جن میں سے 5 افراد نے حادثے کے دوران بحفاظت نکل کر اپنی جان بچائی، جبکہ دیگر افراد ٹرک اور بھاری پتھروں تلے دب گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے بھاری پتھروں تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن کیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار افراد خیرپور ڈاہا سے بہاولپور جا رہے تھے۔ بھاری پتھروں تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
