میران شاہ (پاک ٹوڈے): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں علاقے کی سکیورٹی صورتحال اور جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہیں علاقے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات اور سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ تیاری، مہارت اور ملکی دفاع کے لیے عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی بہادری اور قربانیوں کو بھی سراہتے ہوئے اسے شدت پسندی کے خلاف صفِ اول کی فورس قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون سے صوبے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
