اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے 18ویں آئینی ترمیم کو ملک کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام کسی سیاسی جماعت کی خواہش نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول ریاستی امور چلانے والوں کو بھی احساس ہوچکا ہے کہ موجودہ نظام بہتر نتائج دینے میں ناکام ہو رہا ہے اور مستقبل میں ملک میں نئے صوبے قائم ہوسکتے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عوام کی رائے سب سے مقدم ہوتی ہے، تاہم اس وقت سامنے آنے والی باتیں محض تجزیے ہیں۔ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر جماعت کو اپنی کارکردگی پر اعتماد ہے تو ملک میں دس صوبے بھی بن جائیں تو اسے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو حالات کی نزاکت سمجھنی ہوگی۔
وفاقی وزیر صحت نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ اسے ریاستی امور میں غیر مشروط طور پر شامل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان اور عوام کی سوچ میں تبدیلی آتی دکھائی دے رہی ہے۔
کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا ترقی کرتے ہوئے چاند تک پہنچ رہی ہے، لیکن کراچی میں بچے گٹروں میں گر کر جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں، جو شہر کے بنیادی مسائل اور انتظامی ناکامیوں کی سنگینی ظاہر کرتا ہے۔
