اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ریکوڈک کانوں سے معدنیات کی ترسیل کے لیے پاکستان ریلوے کے ایم ایل تھری ٹریک کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کا منصوبہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ حکومت نے منصوبے کی منظوری گزشتہ پانچ ماہ کے دوران تیسری مرتبہ مؤخر کر دی ہے۔
وزارتِ منصوبہ بندی کے حکام کے مطابق نوکنڈی سے روہڑی تک 996 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی بحالی پر تقریباً 278 ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ منصوبے میں تاخیر کی بڑی وجوہات مالی وسائل کی کمی اور ریکوڈک سے نکلنے والی معدنیات کی برآمد کے لیے کراچی کے بجائے گوادر بندرگاہ استعمال کرنے کی تجویز ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایم ایل تھری ریلوے ٹریک اپنی مقررہ مدتِ استعمال پوری کر چکا ہے اور اس پر ٹرینیں اوسطاً 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ ریکوڈک سے بھاری مقدار میں معدنیات کی ترسیل کے لیے ٹریک کی مکمل بحالی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے مطابق منصوبے کی منظوری بیرک گولڈ کے ساتھ عبوری مالی معاونت (برج فنانسنگ) کی تفصیلات اور مزید معلومات طلب کیے جانے کے باعث مؤخر ہوئی ہے۔ حکومت پہلے ہی ریکوڈک مائننگ کمپنی سے 390 ملین ڈالر قرض لینے کی منظوری دے چکی ہے، جس پر سالانہ تقریباً 6 فیصد سود ادا کیا جائے گا۔
یہ قرض ایم ایل تھری کی بحالی کے لیے عبوری مالی معاونت کے طور پر استعمال ہونا ہے۔ تاہم حکام کے مطابق اگر معدنیات کی ترسیل کا راستہ کراچی کے بجائے گوادر منتقل کیا گیا تو بیرک گولڈ سے اس بات کی نئی یقین دہانی لینا ہوگی کہ کمپنی اس صورت میں بھی قرض فراہم کرے گی۔
ابتدائی منصوبے کے تحت معدنیات نوکنڈی، کوئٹہ اور روہڑی کے راستے کراچی بندرگاہ پہنچائی جانی تھیں، تاہم اب نوکنڈی، پنجگور اور گوادر روڈ لنک کو فعال بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
بیرک گولڈ کے وفد نے حال ہی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی سے ملاقات میں نوکنڈی، گوادر روڈ منصوبے کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ احسن اقبال نے وفاقی حکومت، حکومت بلوچستان اور کان کنی کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے ذریعے نوکنڈی، گوادر روڈ کوریڈور پر کام تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
