لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیل حکام نے رہائی کے احکامات موصول ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد دونوں خواتین جیل سے باہر آگئیں اور اپنی رہائش گاہ روانہ ہوگئیں۔
نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت اور دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ بعد ازاں ضلعی انتظامیہ نے نقصِ امن کے خدشے کے پیشِ نظر انہیں مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا تھا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں کی رہائی کے لیے قانونی اور سیاسی سطح پر کوششیں جاری تھیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کی رہائی یا نظر بندی سے متعلق کسی نئی پیش رفت کی مصدقہ تفصیل سامنے نہیں آئی۔
