ریاض حسین
پاکستان کا بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کی کئی بنیادی کمزوریوں کو نمایاں کر رہا ہے، جن میں درآمدات پر زیادہ انحصار، توانائی کی بلند قیمتیں، صنعتی شعبے کی کم مسابقت اور برآمدات میں تنوع کا فقدان شامل ہیں۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ملک کے تجارتی خسارے میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15.97 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ہمسایہ ممالک کے ساتھ پہلے تین مہینوں میں تجارتی خسارہ 26 فیصد بڑھا ہے۔
اسلام آباد میں مقیم ماہر معاشیات طاہر امین کہتے ہیں کہ تجارتی خسارے میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں درآمدی اخراجات میں اضافہ، ملکی سطح پر زیادہ کھپت اور مقامی صنعتوں کی جانب سے درآمدی خام مال کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرکے برآمد کرنے کی محدود صلاحیت شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات ملکی درآمدی بل پر خاصا دباؤ ڈال رہی ہیں، جبکہ عالمی منڈی میں تیل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے یہ بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے۔
طاہر امین کے مطابق پاکستان کا ایک بڑا اقتصادی مسئلہ یہ بھی ہے کہ ملکی معیشت برآمدات کے بجائے کھپت پر زیادہ انحصار کرتی ہے۔ درآمد کیے جانے والے خام مال اور دیگر اشیا کا بڑا حصہ ملک کے اندر استعمال ہو جاتا ہے، جبکہ ان سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرکے عالمی منڈیوں میں برآمد کرنے پر مطلوبہ توجہ نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کھپت پر مبنی معیشت سے نکل کر پیداوار اور برآمدات پر مبنی اقتصادی نظام کی طرف بڑھنا ہوگا۔
ماہر معاشیات نے کہا کہ بجلی، گیس، پانی اور دیگر صنعتی ضروریات کی بلند قیمتیں بھی ملکی صنعتوں کی مسابقتی صلاحیت کو متاثر کر رہی ہیں۔ پیداواری لاگت زیادہ ہونے کے باعث پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں دیگر ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔
ان کے مطابق بھارت، بنگلہ دیش اور ویتنام جیسے علاقائی ممالک نسبتاً کم پیداواری لاگت اور بہتر عالمی مارکیٹ تک رسائی کے باعث پاکستان کے مقابلے میں زیادہ مسابقتی پوزیشن میں ہیں۔
طاہر امین نے کہا کہ پاکستان میں بعض مصنوعات کی تیاری کے باوجود انہیں عالمی منڈی میں فروخت کرنا مشکل ہو رہا ہے، کیونکہ مقامی صنعت کاروں کی پیداواری لاگت اتنی زیادہ ہے کہ وہ بین الاقوامی قیمتوں پر مؤثر مقابلہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے برآمدات میں مصنوعات اور منڈیوں کے تنوع کی کمی کو بھی ایک اہم مسئلہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو روایتی برآمدی مصنوعات تک محدود رہنے کے بجائے نئی مصنوعات متعارف کرانے اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں برآمدی مصنوعات کی اقسام بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے، لیکن پاکستان اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکا۔
طاہر امین کے مطابق برآمدات میں پائیدار اضافے کے لیے صرف مراعات کا اعلان کافی نہیں ہوگا بلکہ حکومت کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی، صنعتی پیداواری لاگت میں بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور خام مال کی ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان اپنی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ اور درآمدات پر غیر ضروری انحصار کم نہیں کرتا، تجارتی خسارے پر قابو پانا مشکل رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ درآمدات اور برآمدات کے درمیان بڑھتا ہوا فرق ملک کے قیمتی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ ڈالتا ہے، کیونکہ درآمدی ادائیگیوں کے لیے مسلسل غیر ملکی کرنسی درکار ہوتی ہے۔
طاہر امین نے زور دیا کہ پاکستان کو اپنی معیشت کا رخ درآمدات اور کھپت پر مبنی نظام سے تبدیل کرکے پیداوار، صنعتی ترقی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات پر مبنی معیشت کی طرف موڑنا ہوگا۔ ان کے بقول یہی طریقہ تجارتی خسارے کو کم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
