کوئٹہ (پاک ٹوڈے): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے امریکا اور سابق سوویت یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں جنگوں کے دوران ہونے والی تباہی کے ازالے کے لیے افغان عوام کو ہرجانہ ادا کریں اور ملک کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کریں۔
بلوچستان میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ افغانستان میں کئی دہائیوں تک جاری رہنے والی جنگوں کے دوران سابق سوویت یونین، امریکا اور ان کے اتحادیوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کا انہیں ازالہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون ان جنگوں اور تشدد کا بڑا نشانہ بنے اور عالمی برادری کو پشتونوں کی جانوں کے ضیاع کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔
محمود خان اچکزئی نے افغان عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کے دفاع اور اتحاد کے لیے متحد ہوں۔ انہوں نے مذہبی علما، قبائلی عمائدین اور سیاست دانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان کے صوبوں پنجاب اور سندھ میں پشتونوں کے ساتھ ہونے والے مبینہ ظلم اور امتیازی سلوک کے خلاف آواز اٹھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشتونوں کو ان کی داڑھی اور پگڑی کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس طرزِ عمل کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
