نیویارک (پاک ٹوڈے): امریکا میں زیرِ حراست وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو اپنے فارغ وقت کا بیشتر حصہ مطالعے میں گزار رہے ہیں، جس میں قرآن کریم اور انجیل بھی شامل ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مادورو نے جیل میں ایک روحانی سفر شروع کیا ہے اور وہاں موجود مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں، جن میں ایک مسیحی پادری اور یہودی ربی شامل ہیں۔
63 سالہ مادورو کیتھولک عیسائی ہیں اور ماضی میں عوامی سطح پر اپنے یہودی نسب کا ذکر بھی کر چکے ہیں، تاہم ان کے قریبی حلقوں کے مطابق گرفتاری سے قبل انہوں نے یہودیت میں کوئی خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔
مادورو کو گزشتہ سال 13 جنوری کو امریکی کارروائی کے دوران ان کی اہلیہ سمیت گرفتار کرکے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت نیویارک کے علاقے بروکلین کی ایک جیل میں قید ہیں اور ان پر امریکا میں کوکین کی اسمگلنگ میں سہولت کاری سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جانا ہے۔ مادورو ان الزامات کو مسترد کر چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جیل میں قیام کے دوران مادورو کے وزن میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جیل میں فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار سے بھی شکایت کرتے رہے ہیں۔ ان کی اہلیہ کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
