گوگل عسکریت پسندانہ اور پرتشدد مواد کی مؤثر نگرانی کرے: پاکستان کی گوگل وفد سے اپیل

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): حکومتِ پاکستان نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز پر عسکریت پسند گروہوں کے پروپیگنڈے، پرتشدد مواد اور نفرت انگیز بیانیے کی روک تھام کے لیے فعال اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنائے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے گوگل کے سینیئر ڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عسکریت پسند اور دہشت گرد گروہ ملک میں خوف و ہراس پھیلانے اور نفرت انگیز بیانیے کی ترویج کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے مخصوص جغرافیائی اور سیکیورٹی حالات کے پیشِ نظر آن لائن مواد کی بروقت چھان بین اور ڈیجیٹل سیفٹی کو ناگزیر قرار دیا۔

گوگل کے سینیئر ڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر نے بھی پاکستان میں محفوظ اور پرامن ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ اہم ملاقات گوگل کی جانب سے پاکستان میں اپنے پہلے رسمی دفتر کا باضابطہ افتتاح کرنے کے فوراً بعد سامنے آئی ہے، جس کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل ترقّی اور آئی ٹی کی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔

Related posts

بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، فیصلے عوام کی امنگوں کے مطابق ہوں گے، سہیل آفریدی

پشاور میں سیکیورٹی الرٹ، اضافی نفری طلب، محسن نقوی کو اہم بریفنگ

صدر اور وزیراعظم اگر گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا