کراچی میں گھر میں ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار، 9 لاکھ روپے اور طلائی زیورات برآمد

کراچی (پاک ٹوڈے): مومن آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں گھر میں داخل ہو کر ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے لوٹے گئے طلائی زیورات فروخت کرکے حاصل ہونے والی 9 لاکھ روپے کی رقم اور دیگر زیورات برآمد کرلیے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق 17 ستمبر کو دو ملزمان نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ایف میں اعجاز نامی شہری کے گھر میں داخل ہو کر ڈکیتی کی واردات کی تھی، جس کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے واردات کے بعد جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، جس میں ملزمان کو گھر میں داخل ہوتے اور واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا گیا۔

ترجمان کے مطابق مومن آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا، جس کی شناخت نعیم خان ولد سلیم خان کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، گولیاں، ہیلمٹ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاندہی پر لوٹے گئے طلائی زیورات بھی برآمد کیے گئے جبکہ زیورات فروخت کرکے حاصل کی گئی 9 لاکھ روپے کی نقدی بھی قبضے میں لے لی گئی۔

مومن آباد پولیس نے ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ واردات میں شریک دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

Related posts

حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کردی

پشاور: لاہوری گیٹ میں پٹرول پمپ کی دکان میں خطرناک آگ بھڑک اٹھی

سہیل آفریدی کی 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے لیے مالی تعاون کی اپیل