کراچی میں زیر تعمیر عمارت منہدم، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی (پاک ٹوڈے): کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب زیر تعمیر عمارت اچانک منہدم ہونے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کردیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں چار زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے بتایا کہ عمارت گرنے کے وقت وہاں مزدور کام کررہے تھے۔ انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے اسپتال انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ ہائی الرٹ رہے اور زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کے منظور شدہ نقشے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لے کر حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ قریبی عمارتوں کی فوری حفاظتی جانچ کا حکم بھی دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، غیر محفوظ عمارتوں کے اطراف احتیاطی اقدامات کیے جائیں اور غیر قانونی تعمیرات یا غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے۔

Related posts

کابل میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 ڈاکو ہلاک

اچکزئی کا قومی حکومت کے قیام اور آئینی اصلاحات کا مطالبہ، بحرانوں کے حل کے لیے سیاسی اتفاق رائے پر زور

مردان میں نئے بس اڈے کی منتقلی کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، ہزاروں مسافر متاثر