سوات (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے مبینہ لوٹ مار کا حساب لیا جائے گا۔ سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو مسترد کردیا ہے اور آج سوات کے لوگ یومِ نجات منا رہے ہیں۔
امیر مقام نے جلسے میں شریک افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد وفاقی حکومت کے فیصلے کی حمایت کا اظہار کر رہی ہے۔ ان کے بقول خیبرپختونخوا کے عوام نے صوبے کے مخالفین کو مسترد کردیا ہے۔
وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر کہتے تھے کہ وہ صوبے میں ترقی کے لیے نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے آئے ہیں۔
امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں صوبے کو شدت پسندوں کے حوالے کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت کی کارکردگی اور مبینہ بے ضابطگیوں کا حساب لیا جائے گا۔