کراچی / لاہور (پاک ٹوڈے): جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی میں کمی نہ کرنے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے لیے 15 روزہ لائحہ عمل بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں لاہور کے مال روڈ (چیئرنگ کراس) پر بھی احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام استعمال کی تمام اشیاء مہنگی ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے حکمران طبقے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کی ایلیٹ کلاس اور آئی پی پیز کے مالکان ٹیکس نہیں دیتے جبکہ تمام بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے نشاندہی کی کہ حکومت مقررہ ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زائد پیٹرولیم لیوی وصول کر چکی ہے اور اپنے ٹیکس اہداف کی ناکامی کو چھپانے کے لیے پیٹرولیم لیوی کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ کرے اور عوام کو فوری راحت فراہم کرے۔