پشاور (پاک ٹوڈے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ انہیں بھارت سے نہیں بلکہ پاکستان کے باقی تین صوبوں سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین چھوٹے صوبوں کو پاکستان کے لیے خطرہ قرار دینا انتہائی قابل مذمت ہے اور ایسی بات کرنے والی جعلی وزیراعلیٰ کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
سہیل آفریدی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف آپ بھارت کو پاکستان کا دشمن قرار دیتے ہیں، دوسری طرف جن لوگوں کو مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر اقتدار میں لایا گیا وہ کہتے ہیں کہ بھارت سے کوئی خطرہ نہیں۔ قوم کو بتایا جائے کہ ان دونوں میں سے کون سچ کہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ یہ بیان دیتے ہیں کہ ہمیں انڈیا سے کوئی خطرہ نہیں، ان کے کاروبار سارے انڈیا میں ہیں اور جب ان کے ذاتی مفادات قومی مفادات سے ٹکراتے ہیں تو وہ پاکستان کے بجائے اپنے مفادات کا دفاع کرتے ہیں۔ سہیل آفریدی نے زور دیا کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر اقتدار میں آنے والوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے۔
مریم نواز نے کہا تھا افسوس کی بات یہ ہے کہ پنجاب کو جو خطرہ ہے وہ میرے پڑوسی ممالک سے کم اور میرے پڑوسی صوبوں سے زیادہ ہے۔ دہشتگردی وہاں سے پنجاب میں آتی ہے۔