لندن (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی طرح دیگر صوبوں میں بھی عوامی فلاح کے لیے کام ہونا چاہیے، کیونکہ محنت کرنے سے ہی کارکردگی اور ترقی کا اثر میدان میں نظر آتا ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کی گریجویشن کی تقریب کے سلسلے میں یہاں موجود تھیں، جو ان کے اور ان کے خاندان کے لیے نہایت خوشی کا موقع ہے، اور وہ اب واپس پاکستان روانہ ہو رہی ہیں۔ ن لیگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر متحد ہے اور پارٹی میں کسی قسم کی کوئی تقسیم یا اختلاف موجود نہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں صوبائی حکومت عوامی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دیگر صوبوں کو بھی عوام کی خدمت کے لیے مسلسل محنت کی ضرورت ہے تاکہ واقعی ترقی ممکن ہو سکے۔
