پشاور (پاک ٹوڈے): لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے گائنی وارڈ سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والا نومولود پولیس نے پبی کے علاقے سے بحفاظت برآمد کرلیا، جبکہ بچے کو لے جانے والی مبینہ خاتون کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر سے تعلق رکھنے والے حشمت خان کا نومولود گزشتہ روز ہسپتال کے گائنی وارڈ سے ایک خاتون مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے گئی تھی۔ واقعے کے بعد ہسپتال انتظامیہ میں تشویش پھیل گئی اور سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ خان رازق شہید پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ پولیس کارروائی کے دوران نومولود کو پبی سے بازیاب کرلیا گیا۔
پولیس نے مبینہ طور پر بچے کو لے جانے والی خاتون کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
نومولود کے مبینہ اغوا کے واقعے نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے گائنی وارڈ سمیت داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی کے انتظامات سے متعلق بھی کئی سوالات پیدا کردیے ہیں۔